اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کشمیر سیل کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔ سیل وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں کام کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کشمیر سیل کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں سینئر سفارتکار اور کشمیری قیادت شریک ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی کشمیر پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں مؤثر خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ کشمیر سیل میں مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اجاگر کرنے کے لیے تجاویز دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق کشمیر سیل کی تجاویز کو خارجہ پالیسی کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔ سیل وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں کام کرے گا۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولود چاؤش اوغلو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔ دونوں کے درمیان مقبوضہ کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ تاریخی، سماجی اور ثقافتی تعلقات ہیں، خطے سے متعلقہ امور پر پاکستان اور ترکی کے نقطہ نظر میں مماثلت ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نے مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔