لاہور : صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن مسئلہ کشمیر پر سیاست چمکا رہی ہے، عمران خان کشمیر کے معاملے پر جرات سے کہہ رہے ہیں کہ ہم کشمیر کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال سے اپوزیشن حکمران تھی تو اس نے کیا کیا ہے؟ پاکستان کو تنہائی میں دھکیل دیا گیا ہے، ن لیگ نے تو پانچ سال وزیر خارجہ ہی نہیں لگایا تھا۔
صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر جرات سے کہہ رہے ہیں کہ ہم کشمیر کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو حکومت میں آئے ہوئے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں، اس کے باوجود ہم ہر محاذ پر بہادری سے لڑ رہے ہیں، لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن جماعتیں مسئلہ کشمیر پر اپنی سیاست چمکا رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت جو مسائل درپیش ہیں کیا وہ ہماری دس ماہ کی حکومت کی وجہ سے ہیں ؟ یہ ان کی وجہ سے ہیں جن کی حکومت میں پاکستان ایشین ٹائیگر بن رہا تھا لیکن ہم گھبرانے والے نہیں اور موجودہ دباﺅسے جلد باہر نکلیں گے۔