سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہیں، راجہ راشد حفیظ

لاہور: وزیر خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ کا کہنا ہے کہ عوامی خدمات کے محکموں کے ملازمین اگر پوری ایمانداری، دیانت اور محنت کے ساتھ کام کریں تو یہ ان کے لیے دین اور دنیا دونوں حوالوں سے باعث اجرو ثواب ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہیں جو حکومت کی پالیسی اور ترجیحات کے مطابق عوام الناس کو سہولیات پہنچانے میں بنیادی اور اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ملازمین کا فرض ہے کہ وہ اپنے ذمہ فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور اپنے اپنے متعلقہ شعبے میں عوام الناس کو بہترین سہولیات اور سروسز کی فراہمی میں اپنا کردار پوری ایمانداری ، محنت اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کریں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمات کے محکموں کے ملازمین اگر پوری ایمانداری، دیانت اور محنت کے ساتھ کام کریں تو یہ ان کے لیے دین اور دنیا دونوں حوالوں سے باعث اجرو ثواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں عوام الناس کی فلاح وبہبود کے لیے بے لوث کام کر رہی ہے۔