دسواں نیا روٹ : پی آئی اے کا سیالکوٹ سے لندن کیلئے ہفتہ وار براہ راست پروازوں کا آغاز

سیالکوٹ سے لندن

کراچی : پی آئی اے کے نئے روٹس میں ایک اور اضافہ کردیا گیا، قومی ایئر لائن آج بروز منگل سےسیالکوٹ سے لندن کیلئے براہ راست پروازیں شروع کررہی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن سے پہلی پرواز شام6بجے300 سے زائدمسافر لے کر روانہ ہوگی، مذکورہ پرواز پی کے778 بدھ کی صبح سیالکوٹ پہنچے گی، وزیراعظم عمران خان کے مشیرعثمان ڈار مسافروں کا استقبال کریں گے۔

اس کے علاوہ سیالکوٹ سے لندن پرواز پی کے777صبح ساڑھے10بجے روانہ ہوگی جبکہ300سےزائد مسافر لے کر لندن روانہ ہونے والی پرواز کو عثمان ڈار الوداع کریں گے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا یہ دسواں نیا روٹ ہوگا، سیالکوٹ سے لندن کیلئے ہفتہ وار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ سیالکوٹ تا لندن براہ راست پروازوں سے اوورسیز پاکستانیوں کو مزید سہولت میسر آئیں گی، آزاد کشمیر، جہلم اور گجرات کے ہم وطنوں کو زیادہ سہولت میسر ہوگی۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرورخان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیالکوٹ تا لندن پروازوں سے پی آئی اے کے ریونیو میں مزید اضافہ ہوگا، پروازویں شروع ہونے سے سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا، وزیر ہوا بازی نے لندن سیالکوٹ پروازیں شروع کرنے پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کو مبارکباد پیش کی۔