مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا ظالم کےسامنے کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خوراک، ادویات، دیگراشیا تک رسائی بند ہے، بھارت طاقت کے نشے میں کشمیریوں کو کچلنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے طاقتور کے بجائے حق پرڈٹے رہنے والے فتح یاب ہوئے، بھارت کو صرف کشمیرکی ذرخیز زمین چاہیے انسان نہیں، مودی اپنے ایجنڈے کے لیے لاکھوں مسلمانوں کا قتل کرسکتا ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 1 ماہ سے زائدعرصے سے لوگ محصور ہیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق کے کمشنرکا بیان حوصلہ افزا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ عالمی برادری نے تاخیرکی تو انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ ہوسکتا ہے۔
ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے
واضح رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔