جدہ: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں، دو غاصب ممالک نہتے مسلمانوں کے حقوق کو پامال کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کی کونسل برائے وزرائے خارجہ (سی ایف ایم) کا 16 واں غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے مقبوضہ مغربی کناروں سے الحاق حالیہ بیان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے غیر معمولی اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کی۔ اجلاس کی صدارت سعودی وزیر برائے امور خارجہ، ڈاکٹر ابراہیم بن عبد العزیز العساف نے کی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا اعلان اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔
انہوں نے او آئی سی ممبران ، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطین اور القدس الشریف کے عوام کے ساتھ اپنی ذمہ داری کو نبھائیں، اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی سختی سے مذمت کریں۔
اسلامی تعاون تنظیم کی کونسل برائے وزرائے خارجہ (سی ایف ایم) کا 16 واں غیر معمولی اجلاس 15 ستمبر 2019 کو او آئی سی سیکرٹریٹ ، جدہ میں ہوا۔ اجلاس او آئی سی نے سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا۔
1/14 pic.twitter.com/Th9iVcPKLL— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 15, 2019
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں۔ دونوں نے سات دہائیوں سے قبضے کی تاریخ شیئر کی ہے، بین الاقوامی قانون کے تحت دونوں اقوام کے حق خودارادیت کو پامال کیا جارہا ہے،بھارتی اور اسرائیلی حکومتیں نہتے مسلمانوں کو اجتماعی سزا ، ریاستی دہشت گردی اور ناقابل بیان مصائب کا نشانہ بنارہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل جائز حقوق کی جہدوجہد کو دہشت گردی سے منسوب کر کے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں، دونوں غاصب ممالک عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کررہے ہیں۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کےعوام کو اوآئی سی ممالک سے توقعات اورامیدیں ہیں، ہم سب کو مل کر ان کی جدوجہد، حقوق، وقار اورجانوں کا تحفظ کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام کے لئےآپ کی سیاسی اور سفارتی حمایت اورتنازع کشمیرکے حل کے منتظرہیں۔