عوام کو دہلیز پربنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ یاسین زئی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوام سے کیے وعدوں کوعملی جامہ پہنا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی سے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی اور امن وامان کی مجموعی صورت حال ودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ صوبےکے دیرینہ مسائل کا حل وفاق کی ترجیحات کا حصہ ہے، ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سےعوام کو خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔

دوسری جانب گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی کا محور ہے، عوام کو دہلیز پربنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کیے وعدوں کوعملی جامہ پہنا رہی ہے، امن وامان کی بحالی سے صوبے کی خوبصورتی بحال ہو رہی ہے۔

بلوچستان میں چارسیکٹرزمیں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، جام کمال

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میرجام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ، اس صوبے کو خدانے ہر نعمت سے نوازا ہے جس سے بھرپورانداز میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔