بھارت نے حالیہ اقدامات سے خطے کاامن داؤپر لگا رکھا ہے، وزیرخارجہ کا خط

نیویارک : وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور حقائق بیان کردیئے اور کہا بھارت نے حالیہ اقدامات سے خطے کاامن داؤپر لگا رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا، خط میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال،حقائق بیان کئے اور تنازع کشمیر سے متعلق پاکستان کاقانونی کیس بیان کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل چاہتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی،سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پانچ اگست کا اقدام یکطرفہ، غیرآئینی اورصریحاً خلاف ورزی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے،وزیرخارجہ

انھوں ںے خط میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کیخلاف آواز اٹھا رہا ہے ، تنازع کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، کشمیریوں کو سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حق ملنا چاہئے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل،اعلانات شملہ،لاہور،اسلام آباد کے تحت کشمیر متنازع علاقہ ہے، بھارت نے ان فورمز سمیت باہمی بات چیت میں کشمیر کو تنازع تسلیم کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آٹھ ہفتے سے مقبوضہ کشمیر کےباسیوں کو کرفیو میں محصور رکھا ہوا ہے، مسلسل کرفیو سے دوائیں، خوراک تک میسر نہیں، بھارت نے حالیہ اقدامات سے خطے کا امن داؤ پر لگا رکھا ہے۔

یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یو اے ای ، آئرلینڈ اور استونیا کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں کیں ۔

مزید پڑھیں : شاہ محمود قریشی کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

جس کے دوران انہوں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ، وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے ان ملاقاتوں کے دوران مختلف ممالک کے وزراء خارجہ کو بتایا کہ ہندوستان کی طرف سے پانچ اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قرارداوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے، طاقت کے زور پر آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے ، ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ یہ اسکا اندرونی معاملہ ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے لوگوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔