عمران خان انسانیت کے سفیر بن کر اقوام متحدہ گئے ہیں: علی زیدی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ مودی حکومت کررہی ہے، ہٹلر نے بھی یہی کیا تھا، وزیر اعظم نے پریس کانفرنس میں واضح کر دیا عالمی برادری کو کشمیر کے معاملے پر کھڑا ہونا پڑے گا۔

اپنے ایک بیان میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان انسانیت کے سفیر بن کر اقوام متحدہ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے، فوری کرفیو ہٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہٹلر نے 1939 میں بڑا جلسہ کیا اور تین ماہ بعد جنگ شروع کر دی تھی، لوگ پریشان ہیں مودی نے پچاس ہزار لوگ کیسے اکٹھے کر لئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی ہٹلر اور آر ایس ایس کے نظریے پر چلتا ہے، ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے، کشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹایا جائے۔

بھارت مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ کہہ کر امریکا اور عالمی برادری سے فریب کررہا ہے، شاہ محمود

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے، غزہ میں انسانی بحران پیدا ہوا تو ترکی نے انسانی بنیادوں پر اپنے بحری جہاز بھیج تھے، ترکی نے اپنے بحری جہاز کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا اور ادویات ترکی بھیجی تھی، یہ نہ ہو پاکستان کو بھی بحری جہاز مقبوضہ کشمیر میں بھیجنے پڑیں۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے حق میں نہیں، جنگ سے اور لوگ مر جاتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ڈرپوک ہیں، ہمارا پیغام واضح اور کلیئر ہے۔