وزیر اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کر دی

نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں مولانا محمد حنیف سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو نیویارک میں چمن دھماکے کی خبر دی گئی، انھوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور صبر جمیل کی دعا۔

وزیر اعظم عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم امریکا سے جدہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں تین گھنٹے قیام کے بعد وہ وطن لوٹیں گے۔

تازہ ترین:  چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

آج صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے عزم اور حوصلے کو پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے، حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انھوں نے کہا ملک دشمن عناصر خوف زدہ ہیں کہ چمن میں معمولاتِ زندگی بہتر ہو رہے ہیں، ہم تجارت سے لے کر بارڈر سیکورٹی کا کام یقینی بنائیں گے۔