حیدر آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان بچانا ہے تو ہمیں سرینگر میں جنگ لڑنی ہے، ہماری ایمانی طاقت بہت زیادہ ہے، تاریخ بتاتی ہے ہم ایمان کی طاقت سے ہمیشہ جیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی حیدر آباد کے تحت آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پہلی بار حیدر آباد میں بہنوں بیٹیوں اور بھائیوں کا سمندر دیکھ رہا ہوں، آج حیدرآباد نے کشمیریوں کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا شاہ بھٹائی کی دھرتی نے ہمیشہ ظالموں کے خلاف مظلوموں کا ساتھ دیا، یہاں کے لوگوں نے مودی اور مودی کے یاروں کو للکارا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا مقبوضہ وادی میں کشمیری جمعے کی نماز پڑھنے مسجدوں میں نہیں جا سکتے، کشمیری پتھر اٹھا کر بھارتی فوج سے لڑ رہے ہیں، کشمیری صرف کلمہ اور پاکستان کے ساتھ الحاق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا قابض بھارتی فورسز نے سری نگر کو قبرستان بنا دیا، پاکستان کی حکومت کو اقوام متحدہ کی جانب نہیں دیکھنا چاہیے، وزیر اعظم کی تقریر پر دنیا نے کوئی رد عمل نہیں دیا، وزیر اعظم قومی لیڈروں سے بات کریں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 16 تاریخ کو خواتین کی اسلام آباد میں ریلی ہوگی، پھر بھی حکومت نہیں جاگی تو پھر ہم بتائیں گے کہ کیا کریں گے، جیسے کابل روس، امریکا کے لیے قبرستان بنا، بھارتی فوج کے لیے سرینگر بنے گا۔
یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ روز کراچی میں آزادی کشمیر کنونشن سے خطاب میں کہا تھا افغانستان عالمی طاقتوں کا قبرستان بن سکتا ہے تو ہم کس بات کے منتظر ہیں، کیرالا کے وزیر اعلیٰ نے کہا میں کشمیر کی لڑکیوں سے تمہاری شادیاں کراؤں گا، میں کہنا چاہتا ہوں آپ نے یہ جرات کی تو ہم آپ کی آنکھیں نکال دیں گے۔