کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے قطر کے قونصل جنرل سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر بات چیت کی جب کہ قونصل جنرل نے عمران اسماعیل کو دوحا فورم میں شرکت کی بھی دعوت دی۔
تفصیلات کے مطابق قطر کے قونصل جنرل گورنر ہاؤس کراچی پہنچے جہاں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم سمیت وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات چیت کی گئی جبکہ پاک قطر تعلقات، دوطرفہ تعاون اور دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔
قطری قونصل جنرل نے پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطہ خوفناک صورتحال سےدوچار ہوسکتاہے تاہم قطر کے لوگ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
قونصل جنرل نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 2 روزہ دوحہ فورم میں شرکت کی بھی دعوت دی۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ قطرنے ہر مشکل وقت میں پاکستان سے بھرپور تعاون کیا، قطر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے بھارت کو کشمیر میں ظلم و ستم سےروکے۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانیت سوز مظالم پر ہیومن رائٹس کی عالمی تنظیموں کی خاموشی بڑا سوالیہ نشان ہے۔