یہ کیسا سسٹم ہے، موت یا زندگی کی کشمکش ہی پر جاگتا ہے؟ احسن اقبال

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کاش ہمارا نظام ڈاکٹروں کی رپورٹس دیکھ کر جاگ اٹھتا، یہ کیسا سسٹم ہے جو موت یا زندگی کی کشمکش ہی پر جاگتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کا مذاق اڑایا گیا اور ضمانت نہیں دی گئی، اب موت و زندگی کی کشمکش دیکھ کر سسٹم جاگ گیا ہے۔

بعد ازاں عدالتی فیصلہ آنے پر انھوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، اس فیصلے کے بعد نواز شریف ذہنی تناؤ سے نکلیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا نواز شریف اب آزادانہ علاج کرا سکیں گے، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ حکومتی ڈاکٹرزعلاج ٹھیک سے نہیں کر رہے، تاہم اب جہاں بھی بہترین علاج کی سہولت ہوگی وہاں جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت منظور کر لی

خیال رہے کہ آج ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کر لی، عدالت کا کہنا تھا کہ انسانی بنیادوں پر منگل تک سزا معطلی اور درخواست ضمانت منظور کی گئی ہے۔

عدالت نے فیصلے سے قبل کہا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ جامع رپورٹ دے، حکومت نے آئینی اختیارات استعمال نہیں کیے، حکومتیں ذمہ داری ادا کر رہی ہیں نہ ذمہ داری لے رہی ہیں، ماضی کے فیصلوں میں سزا یافتہ قیدیوں پر اصول وضع کر چکے ہیں، آج حکومتوں سے پوچھا گیا کہ عدالتی فیصلے پر کس حد تک عمل کیا گیا، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں واضح جواب نہیں دے سکیں۔