نواز شریف کی سزا ختم نہیں ہوئی، عارضی ضمانت ملی ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو صحت کی خرابی پرعدالت نے عارضی ریلیف دیا ہے، سزا ختم نہیں ہوئی عارضی ضمانت دی گئی ہے، عدالت میں بار بار کہا گیا کہ حلف نامہ جمع کرائیں، کسی کی موت زندگی کی ذمہ داری نہیں اٹھاسکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کی صحت کیلئے دعاگو ہے، نواز شریف کو ضمانت طبی بنیادوں پردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتیں صحت سے متعلق تمام چیزیں دیکھ کرفیصلہ کرتی ہیں، نواز شریف کی سزاختم نہیں ہوئی، ان کو صرف طبی بنیادوں پر منگل تک عارضی ریلیف ملا ہے۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ کی تجویز پرعبوری ضمانت دی۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت میں بار بار کہا گیا کہ حلف نامہ جمع کرائیں، زندگی تو اللہ کےہاتھ میں ہے، ہم کس طرح ذمہ داری لے سکتے ہیں، ہمارا نمائندہ عدالت میں یہی کہہ رہا تھا کہ میرٹ پر فیصلہ دیں۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کی سزا اور ضمانت سے متعلق نیب نے فیصلہ کرنا تھا، وہ نیب کے ملزم تھے نیب نے ہی انہیں گرفتار کیا تھا، نیب خود مختارادارہ ہے، حکومت نیب کے معاملات مداخلت نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یا حکومت کا نوازشریف کیس سے کوئی تعلق نہیں، کوئی انسان کسی کی زندگی اور موت کی ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا، نواز شریف کو علاج کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ جس اسپتال سے چاہیں اپنا علاج کراسکتے ہیں، حکومت نے نوازشریف کو علاج کیلئے ہرسہولت فراہم کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کو تمام بیماریاں گرفتاری سے پہلے لاحق تھیں، حکومت عدالتی احکامات کی پابند ہے، ملزم کو سزا دینا یا معطل کرنا یہ اختیار حکومت کا نہیں، فیصلےمیں عدالت نے اپناآئینی اور قانونی حق استعمال کیا، حکومت نے اپنےدائرہ کار میں رہتے ہوئے سہولتیں فراہم کیں، جو بیان حلفی مانگے گئے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، حکومتی نمائندوں نے کہا کہ عدالت میرٹ کو دیکھے۔