مستقبل میں کراچی سے پشاور کے ریلوے ٹریکس کو اپ ڈیٹ کریں گے: چینی سفیر

پشاور: چینی سفیر برائے پاکستان یاؤ جِنگ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں خیبر پختون خوا کا اہم کردار ہے، صوبے میں رشکئی اکنامک زون شروع کیا گیا ہے، مستقبل میں کراچی سے پشاور کے ریلوے ٹریکس کو اپ ڈیٹ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں منعقدہ سی پیک سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چینی سفیر نے کہا پاکستان اور چین مشترکہ طور پر زراعت کے 10 تحقیقاتی مراکز پر کام شروع کریں گے۔

سفیر یاؤ جنگ نے کہا پشاور سینٹرل ایشیا کے لیے گیٹ وے کی مانند ہے، مستقبل میں کراچی سے پشاور کے ریلوے ٹریکس کو اپ ڈیٹ کریں گے، وزیر اعظم نے دورۂ چین میں سی پیک پر بات کر کے ہم سب کو متاثر کیا۔

افغانستان میں امن کے حوالے سے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین نے افغانستان میں امن کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، افغان کانفرنس میں طالبان، افغان حکومتی نمایندے شریک ہوں گے، ہم افغان مسئلے کا سیاسی حل چاہتے ہیں، اور چین افغانستان میں طویل خانہ جنگی کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے بعد تجارتی روٹ قائم کیا جائے گا، جب کہ پشاور سے جلال آباد اور کوئٹہ سے قندھار تک ریلوے ٹریک بنائیں گے۔

خیال رہے کہ پشاور یونی ورسٹی میں پاک چین انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام سی پیک اینڈ خیبر پختون خوا کانفرنس منعقد کیا گیا تھا، جس میں گورنر شاہ فرمان نے بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں چین کے سفیر مسٹر یاؤ جنگ، سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان، ایم این اے ارباب شیر علی اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی شرکت کی۔

چینی سفیر اور گورنر خیبر پختون خوا نے پشاور یونی ورسٹی کے وائس چانسلر کو ذہین طلبہ کے لیے چائنا ایمبیسی اسکالر شپس کی مد میں 20 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔