اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے، نریندر مودی کشمیریوں کی جدوجہد کو کچلنے میں ناکام رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور قومی مفاد پر سیاسی جماعتیں اور عوام متحد ہیں، مشعال ملک سے درخواست ہے کہ بھوک ہڑتال ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک بھارتی جیل میں حوصلے اور جذبے سے جیل کاٹ رہے ہیں، مشعال ملک کی جدوجہد یاسین ملک کے حوصلے کو اور زیادہ طاقت دے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے کی مثال نہیں ملتی ہے، بھارت کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیریوں کی منزل صرف بھارت سے آزادی ہے: مشعال ملک
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کشمیر میں تحریک جدوجہد کو روکنے کی بھارت کی ہرسازش دم توڑ رہی ہے، وزیراعظم کشمیریوں کے ترجمان بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے خون سے قربانی دے کر تاریخ رقم کی ہے، 27 اکتوبر کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیریوں کو آج بولنے کی آزادی نہیں ہے، بچے اسکول نہیں جا پارہے ہیں، کشمیر کے بچے آج دنیا کی طرف حسرت سے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے رہیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس سے خون، جسم کے رشتے جڑے ہیں، ہم کسی صورت کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔