وزیر اعظم عمران خان سے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، وفد میں نثار مرزا، محمد حسین خطیب اور جاوید اقبال شامل تھے جب کہ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ اور تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال گیا، وفد نے کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، حکومت کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

تازہ ترین:  پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا ساتھ دے گا: وزیر اعظم عمران خان

واضح رہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 72 سال مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر قوم اور کشمیریوں کے نام ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ آج وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج کشمیر میں اتریں، اقوام متحدہ نے فیصلہ کیا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کو فیصلے کا حق دیا جائے، لیکن کشمیریوں کے ساتھ دھوکا کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا ہتھیار اٹھانے کی بات کرنے والے کشمیریوں سے دشمنی کر رہے ہیں، ہم نے کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اور مدد کرنی ہے، مودی کسی بھی واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہتا ہے، مودی عالمی سطح پر کسی بھی واقعے کی بنیاد پر پروپیگنڈا کرے گا۔