دنیا کے قدیم ترین موتی کی نمائش کا اعلان

ابوظبی: متحدہ عرب امارات سے دریافت ہونے والے قدیم ترین موتی کو عوامی نمائش کے لیے بدھ سے پیش کیا جائے گا۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمہ ثقافت نے اعلان کیا ہے کہ دنیاکے قدیم ترین موتی کو بدھ سے عجائب گھر میں شروع ہونے والی عالمی نمائش میں‌ عوام کے لیے پیش کیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نمائش لگژری کے 10 ہزار سال کے نام سے منعقد کی جارہی ہے، اس نمائش میں  18 فروری 2020 تک عوام موتی دیکھ سکیں گےـ

نمائش میں دیگر 350 قدیم نوادرات بھی پیش کیے جائیں گے جو مختلف جیولرز کی ملکیت ہیں۔

یاد رہے کہ 21 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے محکمہ ثقافت و سیاحت نے دنیا کا قدیم ترین موتی دریافت کیا تھا، حکام کا کہنا تھا کہ یہ موتی آٹھ ہزار برس پرانا اور 5600-5800 قبل مسیح کا ہے، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا کہ قیمتی موتیوں کا استعمال 8 ہزار سال پہلے بھی ہوا کرتا تھا۔

محکمہ ثقافت اور سیاحت کے سربراہ خلیفہ المبارک کا کہنا تھا کہ تقریباً آٹھ ہزار برس پرانے موتی کی دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ متحدہ عرب امارات کا محمکہ اس سے متعلق وسیع پیمانے پر کام کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے شہریوں کی موتیوں اور قیمتی جواہرات کے استعمال کی روایت بہت پرانی ہے، ہماری جدید اقتصادی و ثقافتی تاریخ کی جڑیں ما قبل تاریخ کے ابتدائی دور تک چلی گئی ہیں۔

خلیفہ المبارک کا مزید کہنا تھا کہ مراوا جزیرہ امارات کے اہم ترین تاریخی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں سے مزید قیمتی اور قدیم دریافتوں کا امکان ہے، جس پر محکمہ ثقافت وسیاحت کام کررہا ہے۔