لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں صحت کی سہولیات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر تعلیم شفقت محمود، فردوس عاشق اعوان، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد، چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم ودیگر شریک ہوئے۔
وزیراعظم کو صحت کے شعبے میں سہولیات کی بہتری کے لیے نئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی، عمران خان کو 5 بڑے اسپتالوں کی ایمرجنسی میں فراہم سروسز کو مزید بہتر بنانے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو اسپتالوں کی اوپی ڈیز کی مرمت و تزئین و آرائش، مددگار کاؤنٹرز کے قیام سے متعلق آگاہ کیا گیا، اسپتالوں کے انتظامی و مالی امور کو بہتر بنانے کی غرض سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر سے سکھ برادری تعلیم حاصل کرسکے گی: وزیراعظم
عمران خان کو صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، مستقبل میں امراض قلب کے نئے اسپتالوں کے قیام کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے محکمہ اوقاف کے زیر انتظام زمینیں نجی اسپتالوں کو لیز پر دینے پر زور دیا، عمران خان نے ہیلتھ کارڈ کے تحت نجی اسپتالوں سے مستحقین کے علاج کی ضرورت پر زور دیا۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں امیروں کے لیے اقدامات کیے گئے غریبوں کے لیے کوئی توجہ نہ دی گئی، حکومت اس ضمن میں وضع کردہ روڈ میپ پر عمل پیرا ہے، طبقاتی فرق کے بغیر ہر شہری علاج کی بہترین سہولیات حاصل کرسکے گا۔