اسلام آباد : رہبر کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک مذاکرات کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ کل کابینہ میں پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی رہبرکمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان ہونے والی بات چیت سے متعلق رپورٹ کل کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
مذکورہ رپورٹ کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے آزادی مارچ پر آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت مکمل کرلی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزخٹک نے رہبر کمیٹی سے مذاکرات کی رپورٹ بھی تیار کرلی ہے اور وہ اپنی حتمی رپورٹ کل کابینہ اراکین کے سامنے پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے نکات میں کہا گیا ہے کہ آزادی مارچ ایک معاہدے کے تحت ہورہا ہے، رہبرکمیٹی میں تمام جماعتوں سے رابطے ہوئے، آزادی مارچ والوں کو معاہدے کے نکات کی پابندی کرنا ہوگی۔
پرویز خٹک کی رپورٹ کے نکات میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے آزادی مارچ میں اب تک کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، معاہدے کے تحت آزادی مارچ جلسہ گاہ تک محدود رہے گا۔
حکومتی کمیٹی کی جانب سے مذاکرات کا دروازہ کسی بھی وقت بند نہیں ہوگا، کابینہ کیلئے بریفنگ تیار کرلی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : آزادی مارچ ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور رہبر کمیٹی کی باضابطہ پہلی بیٹھک
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت کے اپنے اپنے اتحادیوں سے مسلسل رابطے ہیں اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔