نئی دلی: بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل کپتان ویرات کوہلی سمیت پوری بھارتی کرکٹ ٹیم پر دہشتگرد حملہ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملکی تحیقیقاتی ایجنسی کو نامعلوم افراد کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں کرکٹ ٹیم کو دھمکیاں دی گئی ہیں۔
این آئی اے کا کہنا ہے کہ اس دھمکی آمیز خط میں حملہ آوروں کی ہٹ لسٹ میں شامل افراد کے نام بھی درج ہیں، ہٹ لسٹ میں وزیراعظم نریندر مودی، حکمران جماعت کے رہنماؤں اور کرکٹ ٹیم سمیت اعلیٰ شخصیات شامل ہیں۔
دھمکی دینے والوں نے کرکٹ ٹیم کے ساتھ خاص طور پر کپتان ویرات کوہلی کو نشانے پر رکھا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی نے فوری طور پر خطرے سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کو آگاہ کریا ہے جس کے بعد سے کھلاڑیوں خصوصاً ویرات کوہلی کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور نگرانی کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور بنگلادیش کی ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ 3 نومبر کو دہلی کے ارون جیتلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔