رمضان شوگر ملزکیس، شہبازاور حمزہ شریف کیخلاف مکمل ریفرنس دائرکرنے کا حکم

لاہور: احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی طبی بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر مکمل ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں شہبازشریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگرملز کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل نے شہبازشریف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ احتساب عدالت پیش کر تے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی۔

وکیل نے بتایا کہ شہبازشریف کمرمیں تکلیف کی بنا پر پیش نہیں ہوسکے لہذا عدالت سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  زائد اثاثے اور رمضان شوگرملز کیس :حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 چودہ دن کی توسیع

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئےشہبازشریف کو آج کی حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف پر سرکاری خزانے سےنالہ اورپل بنانےکاالزام ہے جس پرعدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر مکمل ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 12 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ رمضان شوگرملز کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہبازپرفردجرم عائدہوچکی ہے۔