لاہور: پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے، سری لنکن بورڈ سے سیریز کے لیے مثبت اشارے ملنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کی امیدیں بڑھنے لگیں، سری لنکن حکام نے ٹیسٹ سیریز کے لیے پیش رفت کی خبروں کی تصدیق کردی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے دورہ پاکستان کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جاسکتا ہے۔
ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی سے مطمئن ہیں، سینئر کھلاڑی بھی دورے کا حصہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: ٹی 20 سیریز، سری لنکا نے پاکستان کو کلین سویپ کردیا
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 11 دسمبر سے 23 دسمبر تک شیڈول ہے، پہلا میچ راولپنڈی اور دوسرا کراچی میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سری لنکن کرکٹ ٹیم ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان پہنچی تھی۔
پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی جبکہ مہمان ٹیم نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں 3 ٹی ٹوینٹی اور 2 دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔