گلوکار مصطفیٰ زاہد کا مداحوں کو سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشورہ

کراچی: معروف گلوکار مصطفیٰ زاہد نے مداحوں کو سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق نامور گلوکار مصطفیٰ زاہد نے سگریٹ نوشی کے سبب والد کے انتقال کے بعد مداحوں کو سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مصطفیٰ زاہد کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میرے والد رواں ماہ سگریٹ نوشی کے سبب انتقال کرگئے، انہوں نے کہا کہ آپ سگریٹ نوشی ترک کردیں اور اپنے والدین کو بھی سگریٹ چھوڑنے کا مشورہ دیں چاہے ان کے ساتھ لڑنا ہی کیوں نہ پڑے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے والد کو کھو دیا، ڈاکٹرز کی آوازیں آج بھی میرے کانوں میں گونج رہی ہیں، زیادہ سگریٹ پینے کی وجہ سے والد کے پھیپھڑے متاثر ہوگئے تھے۔

مصطفیٰ زاہد نے مزید کہا کہ اگر آپ کے والدین سگریٹ پیتے ہیں تو ابھی ان کے پاس جائیں اور ان سے بحث کریں لیکن انہیں سگریٹ نہ پینے دیں۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ہر سال 8 لاکھ افراد تمباکو نوشی کے سبب موت کی وادی میں چلے جاتے ہیں۔