شاہ محمود کا ملیشیا کے ہم منصب سے رابطہ، کشمیر سمیت دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور ملیشیا کے ہم منصب سیف الدین عبداللہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ملیشیا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیرخارجہ نے ملائشین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائیشیا سے دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست سے کشمیر میں بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے، کشمیری بھارتی اقوام عالم اور مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی تائید پر ملائشین وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا اور دورہ ملائیشیا، کوالالمپورکانفرنس میں شرکت سے متعلق آگاہ کیا۔

دونوں ممالک نے خطے میں امن وامان سمیت اہم امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد بھارت کے خلاف ڈٹ گئے

خیال رہے کہ ملیشیا کشمیر کے موقف پر پاکستان کے ساتھ ہے، وزیراعظم مہاتیرمحمد نے اقوام متحدہ میں تقریر میں کہا تھا کہ بھارت نے کشمیرپرحملہ کر کے قبضہ کیا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت نے مقبوضہ کشمیرپرقبضہ کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے، بھارت کو پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ یہ مسئلہ حل ہو اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ اقدام عالمی ادارے اور قانون کی حکمرانی کو دیگر طریقے سے نظرانداز کرنے کا باعث بنے گا۔