نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 55 ہزار، سفر کے امکانات روشن

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونے کے بعد سفر کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، ذرایع میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار ہو چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیکل بورڈ نے سفر کے لیے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونا ضروری قرار دیا تھا، اب ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار ہو گئی ہے۔

نواز شریف سفر کریں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میڈیکل بورڈ سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

قبل ازیں، لاہور میں نواز شریف کی طبیعت سے متعلق میڈیکل بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا تھا، جس کے بعد پروفیسر محمود ایاز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 35 ہزار ہیں، جو آہستہ آہستہ روزانہ کی بنیاد پر 5 سے 6 ہزار بڑھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پلیٹ لیٹس اب قدرتی طور پر بڑھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن اسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا جا سکتا۔

تازہ ترین:  نواز شریف کو 8 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم

خیال رہے کہ آج نواز شریف کا سروسز اسپتال میں دسواں روز تھا، طبیعت بدستور ناساز ہے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے ذرایع نے بتایا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے، آئی وی آئی جی کی انجکشن تھراپی بھی روک دی گئی ہے، نواز شریف 30 ہزار پلیٹ لیٹس میں زندگی گزار سکتے ہیں، مزید بڑھانے کے لیے ادویات دی گئیں تو خطرہ ہو سکتا ہے۔

بورڈ کے مطابق نواز شریف کو بلیڈنگ ہونے کے خطرات اب کم ہیں تاہم دل اور گردوں کے سنگین مسائل ہیں، جس کی وجہ سے ان کی حالت سنبھل نہیں رہی۔

گزشتہ روز نیب افسروں کی جانب سے نواز شریف کو خون دینے کی خبریں بھی گردش کرنے لگی تھیں، جس پر نیب نے وضاحت جاری کی کہ ڈی جی نیب لاہور کے بیٹے، نیب افسر یا اہل کاروں نے نواز شریف کو خون نہیں دیا، نیب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خون کی فراہمی میں مدد کی تھی۔

ادھر آج چوہدری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 8 نومبر کو صبح 8 بجے پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے، سابق وزیر اعظم اس کیس میں ضمانت پر ہیں۔