برازیلا: کھلاڑیوں کے مداحوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اگر کسی کام سے بھی باہر نکلتے ہیں تو انہیں کوئی نہ کوئی فین پکڑ کر آٹو گراف یا سیلفی لینے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے۔
ایک انوکھا واقعہ برازیل کے لیجنڈ فٹبالر کاکا کے ساتھ اُس وقت پیش آیا جب وہ چیریٹی میچ کھیل رہے تھے، ہوا کچھ یوں کہ برازیل اور اسرائیل کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جارہا تھا جس میں کاکا کی خاتون مداح امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔
کاکا کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میچ کے دوران خاتون ریفری نے سیٹی بجا کر کھیل رکوایا اور کاکا کو اپنے قریب بلا کر پیلا (یلو) کارڈ دکھایا۔
خاتون ریفری کے اس فیصلے پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور تماشائی حیران تھے کیونکہ کاکا نے ایسی کوئی غلطی نہیں کی تھی جس کی وجہ سے انہیں تنبیہ کی جائے۔
Nothing to see here. Just a referee showing Kaka a yellow card before taking a selfie with him. 😂pic.twitter.com/k3lUHJXd9N
— Football HQ (@FootbaII_HQ) October 29, 2019
خاتون ریفری نے کاکا کو یلو کارڈ دکھایا جس پر تمام شائقین اور کھلاڑی ششدر رہ گئے البتہ پھر انہوں نے اپنا موبائل نکالا اور کاکا کے ساتھ سیلفی لی جس پر ماحو ل تبدیل ہوگیا۔
سیلفی لینے کے لیے خاتون ریفری کی انوکھی حرکت پر خود لیجنڈری فٹبالر بھی حیران ہوئے اور وہ مسکراتے ہوئے اُن کی خواہش پوری کرنے کھڑے ہوگئے۔
یاد رہے کہ کاکا دو سال قبل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں، البتہ وہ عطیات جمع کرنے کے حوالے سے منعقد ہونے والے میچز کھیلتے ہیں۔