اسلام آباد : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے یہ پہلا مارچ ہے جو کرپشن کو بچانے نکلا ہے، کرپشن زدہ لوگ ایک ہی کنٹینر پر نظر آئیں گے، آج دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایجنڈا سامنے لے کر آتے ہیں، یہ حکومت ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف نہ ملے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی ہدایت پر کچہری کا دورہ
کیا،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کسی عدالت میں آنا 20سالہ کیریئر میں پہلا اتفاق ہے، میں نے کبھی تھانے اور کچہری کی سیاست نہیں کی ، میری سیاسی زندگی میں کوئی ایف آئی آر یا کیس نہیں بنا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ کی ہدایت پرایف8کچہری کادورہ کیا، ڈسٹرکٹ کورٹ،سائلین کے مسائل کو خود دیکھا اور سنا، اسلام آباد کی اپنی ڈسٹرکٹ کورٹ کی حالت ابتر ہے، اللہ کے ہر کام میں کوئی نہ کوئی بہتری ہوتی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ میں کچہری کی حالت دیکھوں، مشکل حالات میں کام کرنیوالے ججز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، سی ڈی اے ماسٹر پلان وجود میں آیا، کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، نچلے اور پسے ہوئے طبقے کیلئے جدوجہد کرنا وزیراعظم کی ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے ماسٹر پلان کے تحت ڈسٹرکٹ کورٹس میں سہولتیں دیں گے ، ریفارم ایجنڈے کے تحت حکومت قوانین میں تبدیلیاں لارہی ہے، تبدیلی اس وقت تک نہیں آسکتی جب تک آپ کا تعاون ساتھ نہ ہو، ہائی کورٹ ججز کی کم تعداد کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔
مزید پڑھیں : عدالتی حکم پرفردوس عاشق اعوان کا آج ہی ڈسٹرکٹ کورٹ کےدورےکا فیصلہ
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو نئےپاکستان سےبہت سی توقعات ہیں، ہماری سب سےزیادہ توجہ ہیومن رائٹس پرہے، عمران خان سوشل ورکر، سیاست دان اور وزیراعظم ہیں، سائلین کو عدالتوں سے انصاف نہ ملے تو وہ مایوس ہوتا ہے، میں آپ کے مسائل وزیراعظم کے سامنے رکھوں گی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت ہی سیاست کااصل محورہے، وزیراعظم بھی انسانی خدمت پریقین رکھتےہیں، انسانی درد ہی تھا، جو عمران خان نے شوکت خانم اسپتال بنایا، پارلیمنٹ میں اکثریت نہ ہونے پر قانون سازی میں مشکلات ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود ایجنڈا لیکر آگے بڑھ رہے ہیں، ججز کی تعداد کم اور کیسزبہت زیادہ ہیں، یہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہوری حکومت کو گرانے نکلے ہیں، اقتدار کے نشے سے محروم ٹولے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں، بجلی، پانی ، کھانے پینے کی اشیا سمیت ہوٹل کا بندوبست بھی کیا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے ہے ، کرپشن زدہ لوگ ایک ہی کنٹینر پر آج نظر آئیں گے، کسی بھی جگہ ان کے راستے میں رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی، آج دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایجنڈا سامنے لے کر آتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ رات سیاسی نابالغ کہہ رہاتھاحکومت نےعوام کونڈھال کر دیا ، اصل میں یہ حکومت کوعوام کی فلاح سےروکنےکی کوشش ہے، یہ حکومت ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف نہ ملے، جن کی نگاہ اسلام آباد پر تھی وہ پہنچ گئے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ عوام کے تحفظ کی ذمہ داری کو نبھا رہے ہیں، ورلڈبینک صدرنےمعاشی بہتری پرکہا وہ ان سےبرادشت نہیں ہورہا، ان مداری اورڈگ ڈگی بجانےوالوں پرگہری نظرہے، ہم نے اس کرپشن بچاؤ مہم کو ناکام بنانا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا میں عوام رول آف لا کیلئے احتجاج کر رہے ہیں، نادان اپوزیشن کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے احتجاج کررہی ہے، معاہدے کے تحت آزادی مارچ کو پسند کی جگہ مہیا کی گئی۔