ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، بسمہ معروف

لاہور: پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جس سے کافی فرق پڑے گا، ون ڈے سیریز سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے فائدہ ہوگا۔

بسمہ معروف نے کہا کہ پاکستان ٹیم ون ڈے میچز میں اچھا پرفارم کرتی آرہی ہے، کھلاڑی کی حیثیت سے چاہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف بھی کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلنے کا موقع ملتا ہے، دونوں ممالک کرکٹ میں سیاست کو نہ لائیں۔

مزید پڑھیں: بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز، ویمنز ٹیم کا اعلان

دوسری جانب بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان رومانہ احمد نے کہا کہ ٹی 20 سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں کی سوچ مثبت ہے، امید ہے ون ڈے سیریز میں کم بیک کریں گے۔

رومانہ احمد نے کہا کہ ون ڈے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں جس سے ٹیم مضبوط ہوگی، پاکستان ٹیم رینکنگ میں بہتر ہے، ون ڈے میں اچھے مقابلے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ون ڈے سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 2 نومبر جبکہ دوسرا 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش ویمن ٹیم کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔