کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں 174 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈالر کی قمیت چار ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ کے آغاز سے ہی تیزی رہی اور سرمایہ کاروں نے لین دین میں دلچسپی ظاہر کی۔
ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر 335 کمپنیوں کے شیئرز خرید و فروخت کے لیے پیش کیے گئے جن میں سے 164 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 133 کے ریٹ کم ہوئے، اسی طرح 38 کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
ایک موقع پر 100 انڈیکس 269 پوائنٹس کمی تک پہنچا مگر یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہیں رہی پھر مارکیٹ میں تیزی ہوئی جو بند ہونے تک برقرار رہی، 100 انڈیکس 173 پوائنٹس اضافے کے بعد 34 ہزار 377 کی سطح پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران 6 ارب 4 کروڑ روپے مالیت کے 15.70 کروڑ شیئرز کی لین دین ہوئی۔
انٹربینک ڈالر
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد امریکی کرنسی چار ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچی اور ڈالر 155 روپے 65 پیسے پر بند ہوا۔