حلیم عادل شیخ کے قافلے پر فائرنگ، مقدمہ درج کرانے کنری تھانے پہنچ گئے

حلیم عادل شیخ

عمرکوٹ : کنری میں حلیم عادل شیخ کی گاڑی اور قافلے پر حملے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی مقدمہ درج کرانےکنری تھانے پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی اور تیمور تالپورکے خلاف مقدمہ درج کروارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ کنری میں خود پر ہونے والے حملے کیخلاف مقدمہ درج کرانے کنری تھانے پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ سانحہ تیزگام کے شہدا کی تعزیت کے لیے کنری پہنچا تھا۔

کنری میں مجھ پر اور میرے ساتھیوں پر فائرنگ کرکے قاتلانہ حملہ کرایا گیا، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ راستے میں تیمور تالپر کے قافلے نے حملہ کیا۔

یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، میری گاڑی توڑی اور فائرنگ کی گئی، پتھراؤ کرنے والوں کے پیچھے مسلح افراد تھے جنہوں نے فائرنگ کی، میری گاڑی بلٹ پروف تھی اس لیے محفوظ رہا۔

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ تیمور تالپور نے گاڑی بیچ میں کھڑی کی اور میرے ساتھی کی گاڑی کو روکا اور نا کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وہ لوگ کہہ رہے تھے کنری میں کس سے پوچھ کر آئے ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی پی والے ہماری آواز دبانے کی کوشش کررہے ہیں، تیمور تالپور اور ایس ایس پی عمرکوٹ کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔