سڈنی: پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اپنی نمبر ون رینکنگ بچانے کے لیے کم از کم ایک میچ جیتنا ضروری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں پاکستان کو پہلی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے، نمبر ون پوزیشن بچانے کے لیے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز کے ایک میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا تو ٹی 20 میں دو سال قائم حکمرانی ختم ہوجائے گی، انگلینڈ نے بھی ٹی ٹوینٹی میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر نظریں جمائے ہوئی ہیں۔
انگلینڈ نے اگر نیوزی لینڈ کو سیریز میں چار ایک سے شکست دے دی تو انگلینڈ ٹی ٹوینٹی کی نمبر ون ٹیم بن جائے گی۔
مزید پڑھیں: بارش کے باعث پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی بلانتیجہ ختم
واضح رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں قومی ٹیم ٹی 20 میں پہلی پوزیشن پر آئی تھی، موجودہ ٹی 20 کپتان بابر اعظم کے لیے پہلی پوزیشن بچانا چیلنج بن گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ٹی 20 میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا، میچ 15 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا تاہم بارش کے سبب آسٹریلوی ٹیم اپنی اننگز بھی مکمل نہ کرسکی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے کہا ہے کہ بارش کی مداخلت سے بیٹنگ متاثر ہوئی، بارش نہ ہوتی تو 170 رنز بناسکتے تھے، بابر اعظم نمبر ون بلے باز ہیں ان سے پوری ٹیم سیکھتی ہے، ہم کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔