لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال سے علاج کرانے کی اجازت مل گئی ہے، وزارت داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کے نام مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے، ان کی اسپتال منتقلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
مراسلے کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی مشاورت سے جیل منتقل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کے بعد آصف زرداری کے بھی پلیٹ لیٹس کم ہونے لگے
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہرنیا کے عارضے میں مبتلا ہیں، ان کو پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے ہرنیا کا آپریشن تجویز کیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کو ایل این جی کیس میں 26 ستمبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا، قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کی جانب سے طبی بنیادوں پر دو ماہ کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا اور سابق صدر آصف علی زرداری بھی طبیعت خراب ہونے کے سبب اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔