اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ضرورت مند طلبہ کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تعلیم کے میدان میں بھی تبدیلی آ گئی، وزیر اعظم نے ضرورت مند طلبہ کیلئے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا، عمران خان نے کہا تعلیم اور روزگار نہ ملے تو نوجوان منشیات اور جرائم کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا انڈر گریجویٹ پروگرام معاشرے میں بڑی تبدیلی لائے گا، افسوس کہ دینی مدارس کے طلبہ کے لیے کسی نے کوشش ہی نہیں کی، انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت ہر سال 50 ہزار اسکالر شپ دی جائیں گی، چار سال تک 2 لاکھ روپے سالانہ دیے جائیں گے، 50 فی صد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسی صورت حال میں کوشش کی کہ ایک چھوٹی سی یونیورسٹی بناؤں، میرا نمل کالج اور یونیورسٹی بنانے کا مقصد بھی یہی تھا۔
عمران خان نے کہا کہ غربت کم کرنے کا بہترین موقع غریب گھرانے کے بچوں کو تعلیم دینا ہے، ہمارے ہاں 3 قسم کے ایجوکیشن سسٹم چل رہے ہیں جو بڑی ناانصافی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا انڈر گریجویٹ طلبا کے لئے بڑا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے خود ہی اپنے بچوں کو تین مختلف سسٹم میں تبدیل کردیا ہے، انگلش میڈیم، اردو میڈیم اور مدرسوں میں بچوں کو تقسیم کردیا گیا ہے، دنیا کا کوئی معاشرہ اپنے بچوں کے ساتھ اس طرح ظلم نہیں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دینی مدارس کے طلبا کے لیے کسی نے کوشش نہیں کی، ہرسال 50 ہزار اسکالر شپ پروگرام بہترین کام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام کے پیچھے ریاست مدینہ کی سوچ ہے، والدہ پڑھی لکھی تھیں اس لیے انہوں نے مجھے بھی پڑھایا، اسپورٹس مین میں جنون ہوتا ہے، والدہ نہ ہوتیں تو میں شاید پڑھ بھی نہیں پاتا۔