کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کو گرفتار

کوئٹہ : کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، کارروائی کے دوران تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ گاڑی سے پینتیس کلوگرام دھماکا خیزمواد، دو ایس ایم جیز،،پستول، دستی بم برآمد کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی کوئٹہ آنے کی خفیہ اطلاع ملی، جس پر منگل کی صبح کلی اغبرگ کے قریب کارروائی کی گئی۔

کارروائی کے دوران شہر کی طرف آنے والی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر اس میں سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی ، فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں گاڑی میں سوار تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا۔

مزید پڑھیں : کوئٹہ، تھانے کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی

تلاشی لینے پر گاڑی سے 35کلودھماکہ خیز مواد ‘دو ایس ایم جیز ‘ ایک پسٹل‘ دو دستی بم اور دیگر سامان برآمد ہوا، مارے گئے مبینہ دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لئے سول ہسپتال منتقل کردی ہے۔

یاد رہے گزشتہ ماہ 21 اکتوبر کو بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد تھانے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 15 اکتوبر کو کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شہر کے وسطی علاقے ڈبل روڈ پر اس وقت زور دار دھماکا ہوا جب پولیس کے ریپڈ رسپانس گروپ کی گاڑی اہل کاروں کو لے کر گزر رہی تھی۔