پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، شاہ محمود قریشی

کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملائیشیا بھارتی دھمکیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے موقف پر قائم رہا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشیا میں ہم منصب داتوسیف الدین سے ملاقات کے دوران اقتصادی وتجارتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، مہاتیرمحمد کے دورہ پاکستان کی خوشگوار یادیں تازہ ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملائیشیا بھارتی دھمکیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے موقف پر قائم رہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ باہمی اقتصادی تعاون انتہائی سود مند اور معاون ثابت ہوگا۔ ملائیشین ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیرخارجہ

اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اقتصادی امور ملائشیا داتو سری عظمین علی سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔