اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ سیاسی نہیں‌ پاکستان کا ایجنڈا ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہمیں اس گلے سڑے نظام سے آگے بڑھنا ہے، وزیراعظم  نے واضح کیا ہے کہ ریفارمز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے یہ سیاسی حکومت کا نہیں پاکستان کا ایجنڈا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ویزہ پالیسی میں مزید نرمی کے خواہاں ہیں اور وزیراعظم کی ہدایت پر ویزہ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لیاجائے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد گوشوارے9 لاکھ سے بڑھ کر26 لاکھ ہوگئےہیں جب کہ 5 سال میں 50 لاکھ ٹیکس رجسٹریشن کا ہدف رکھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ای سی سی کے30 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کی ہے اور نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی کی منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے الیکٹرک موٹروہیکل پالیسی کی منظوری دے دی

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی معیشت پر اعتماد اور تعمیری شعبے میں حکومت پراعتماد کا اظہار ہے، پچھلی حکومت میں38ارب روپے ماہانہ قرضہ تھاجس میں کمی لائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کی گاڑی کو پٹڑی پر رواں دواں کیا اب درپیش چیلنجزپر قابو پاکر انھیں مواقع میں تبدیل کرنا ہے، ملک کے معاشی اشاریے مثبت ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے اور تمام فیصلوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی، چھوٹے کاروبار کیلئے ممکنہ اقدامات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، 60 فیصد نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی اور بااختیاربنانے کے ساتھ ساتھ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کی جلدتکمیل کےلیےسخت محنت اور روزگار کیلئے نئے مواقع اور پالیسی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔