اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جاسکتا، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو کو تبدیل کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ وفاقی اور چیف سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار پیدا کرنا اور غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو کو تبدیل کرنا ہے، موجودہ فضا کو مزید بہترکرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کیلئے روایتی طریقوں کو خیرآباد کہنا ہوگا، نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جاسکتا، تبدیلی کا اعتراف عالمی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کا حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پراعتماد حوصلہ افزاء ہے،روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے اور برآمدات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
اجلاس کے دوران وفاقی اور چیف سیکرٹریز نے ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں جنہیں وزیر اعظم نے سراہا۔