کینبرا: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اسٹیون اسمتھ نے بہترین بیٹنگ کرکے پاکستان سے فتح چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلے کا فائدہ نہیں اٹھاسکے اس لیے کم اسکور ہوا، اسمتھ نے شاندار اننگز کھیل کر پاکستان سے فتح چھینی۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے مایوس کن کرکٹ کھیلی، اننگز کے آغاز میں جلد وکٹیں گرنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئے، ہمیں دوبارہ ردھم میں آنے کی ضرورت ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے افتخار احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار اننگز کھیلی۔
اس موقع پر آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی، جس طرح ہمارے بولرز نے وکٹیں حاصل کیں وہ انتہائی اہم تھا کیونکہ ہم جانتے ہیں پاکستانی ٹیم پاور پلے اور اننگز کے اختتام میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: دوسرا ٹی 20، آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی
ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ اسٹیون اسمتھ نے شاندار اننگز کھیلی، اسمتھ 51 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹی ٹوینٹی کا ٹاس دونوں کپتانوں کو کنفیوژ کرگیا تھا، ٹاس ہونے کے بعد دونوں کپتان ایک دوسرے سے ٹاس کون جیتا پوچھتے رہے، میچ ریفری نے بتایا بابر اعظم ٹاس جیتے ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، سیریز کا آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔