فیول سے مہنگے پلانٹس کے استعمال کی مکمل انکوائری ہونی چاہیے: دانیال عزیز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ فیول سے مہنگے پلانٹس استعمال کیے جاتے ہیں، اس معاملے کی مکمل انکوائری ہونی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما دانیال عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردی میں کم لوڈ کے باوجود مہنگی بجلی بنانے کی ضرورت کیوں پڑ گئی، پلانٹس سے متعلق انکوائری آرڈر کی گئی ہے، آئی پی پیز پہلے نہیں بتا رہے تھے، بعد میں 7 سے 8 کمپنیوں کے نام بتائے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ان کمپنیوں میں میاں منشا کے نشاط کی 2 کمپنیاں لبرٹی پاور اور ایٹلس پاور شامل ہیں، آئی پی پیز نے حبکو نارووال سمیت سات آٹھ کمپنیوں کے نام بتائے، ان کے مالکان کے نام بھی سامنے آ جائیں گے۔

تازہ ترین:  مریم نواز کی آج رہائی کا امکان

انھوں نے مزید کہا کہ مہنگائی گلی کوچوں سے نہیں پالیسی کے تحت اسلام آباد سے ہوتی ہے، عوام کو ٹیکا لگانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کریں گے، بجلی کے بلز بنانے کے لہے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا گیا، آئی ایم ایف یہ تو نہیں کہتی کہ بجلی کے لیے مہنگے پلانٹ چلائیں۔

دانیال عزیز نے مریم نواز کے ضمانتی مچلکے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مچلکہ سیف الملوک کھوکھر کے بیٹے فیصل کی جانب سے جمع کرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آج لاہور کی احتساب عدالت میں مریم نواز کے ضمانتی مچلکے پیش کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد ہائی کورٹ کے احکامات سمیت مچلکوں کی جانچ پڑتال کی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جس پر آج مریم نواز کی رہائی کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ لیگی رہنما دانیال عزیز کو گزشتہ برس جون میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کے جرم میں عدالت کے برخاست ہونے تک سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ پانچ سال کے لیے نا اہل ہو چکے ہیں۔