اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں 3240 پاکستانی قید ہیں، پاکستانی مشن قیدیوں کی رہائی کیلئےسرگرم ہے، اب تک کُل 2080 قیدی رہا کرائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ارکان کے سوالات کے تحریری جواب میں بتایا کہ ایران سعودی عرب میں کشیدگی کم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی کو کم کرنے کی اہمیت اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے اختلافات و تنازعات کے پرامن حل پر زور دیتا ہے، وزیراعظم پاکستان نے اسی سلسلے میں سوزیراعظم نےایران،سعودی عرب قیادت سےملاقاتیں کیں ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایران سعودیہ باہمی رابطے میں سہولت کاری، غلط فہمیاں دور کرنے اور تنازعات کے حل کےحل میں کردارادا کرنے کا پیغام دیا۔
اجلاس کے دوران سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، وزیر خارجہ نے کہا سعودی عرب میں 3240پاکستانی قیدی ہیں، پاکستانی مشن قیدیوں کی رہائی کیلئےسرگرم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جیلوں سے کُل 2080 قیدی رہا کرائے گئے ہیں، سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان میں قیدیوں کی رہائی کااعلان کیا تھا۔
یاد رہے فروری 2019 میں سعودی ولی عہد محمدبن سلمان نے اپنے دورہ پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کااعلان کیا تھا۔
بعد ازاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا سعودی ولی عہد نے 2107 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا، سعودی حکومت باقی پاکستانیوں کے کیسز کا بھی جائزہ لےگی، پاکستان کے عوام ولی عہد محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں۔