کراچی: شہر قائد کے علاقے واٹر پمپ پر ڈاکو کیش وین سے 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے واٹر پمپ پر ڈاکو کیش وین سے 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ 2 تھیلوں میں 29 لاکھ رقم منتقل کررہے تھے، ملزمان نے فائرنگ کردی اور ایک تھیلا لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کیش وین کے ساتھ گلی میں داخل ہوئے، کیش وین کا دروازہ کھلتے ہی فائرنگ کی اور رقم کا تھیلہ چھین کر فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ڈکیتوں کی فائرنگ سے 2 گارڈ اور ایک شہری زخمی ہوا، واقعہ یوسف پلازہ تھانے کی حدود میں رپورٹ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ دو سال قبل کراچی کے علاقے بہادر آباد میں بینک سے کیش لے کر نکلنے والی وین کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا، منی ایکسچینج کے عملے کا کہنا تھا کہ ڈاکو 60 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مسلح ملزمان کار میں سوار تھے جنہوں نے منی ایکسچینج کی وین کو راستے میں روک کر اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی۔