نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے عرفان پٹھان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان ہفتے کے روز کیا، انہوں نے اپنی ٹیم کو کئی فتوحات دلوائیں اور ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
پینتس سالہ عرفان پٹھان نے کیریئر کے دوران 29 ٹیسٹ، 120 ون ڈے انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوینٹی انٹنیشنل کھیلے، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بطور باؤلر 301 وکٹیں حاصل کیں۔
عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے گنگولی اور راہول ڈیوڈ جیسے عظیم بلے بازوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا اور اُن سے بہت کچھ سیکھا‘۔
مزید پڑھیں: مسلمان طلبہ پر تشدد کیخلاف بھارتی کرکٹرز بھی بول پڑے
بھارتی آل راؤنڈر نے اپنے اہل خانہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے میرے گھر والوں نے بہت سپورٹ کیا، میں اپنے مداحوں کا بھی شکر گزار ہوں جو ہمیشہ میری واپسی کے منتظر رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ عرفان پٹھان نے 2007 میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا، علاوہ ازیں انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں ہیٹ ٹرک اور پہلے ون ڈے میں بھی لگاتار تین وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
عرفان پٹھان نے اپنے کیریئر کا آخری ٹی ٹوینٹی 2010 میں کھیلا اور پھر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے انہیں مسلسل نظر انداز کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ پر توجہ دی۔
بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا تھا مگر ہمیشہ میری جگہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ہی رہی جس پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ جتنا ہوسکا اُتنا کرکٹ کھیلا اور کامیابی بھی حاصل کیں‘۔