بھارتی پروپیگنڈا مسترد : تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے، دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد : پاکستان نے اقلیتوں کے حوالے سے بھارت کی جانب سے کیا جانے والا پروپیگنڈا مسترد کردیا، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہندو، سکھ اور عیسائی سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، بھارت پشاور، ننکانہ صاحب واقعات سے متعلق مبینہ منفی تصویر کشی کررہا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت میں منصوبہ بندی کے تحت اقلیتوں سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعظیم کی جاتی ہے، گورد وارہ ننکانہ صاحب پر کسی بھی حملے یا بےحرمتی کے الزامات مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی الزامات جھوٹے، آرایس ایس اور بی جے پی کی پروپیگنڈا مہم کاحصہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گوردوارہ ننکانہ صاحب کا افتتاح پاکستان کے وژن کاعکاس ہے، پاکستان میں ہندو، سکھوں اور عیسائیوں سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔