سعودی عرب نے سماجی ترقی کے لیے فراخ دلانہ مدد کی، اسد قیصر

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے، سعودی عرب نے سماجی ترقی کے لیے فراخ دلانہ مدد کی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے برادرنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے،سعودی عرب نے سماجی ترقی کے لیے فراخ دلانہ مدد کی۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ سعودی فرمانرو ا کے پاکستان کی سلامتی و ترقی پر تاثرات قابل تحسین ہیں۔

دوسری جانب سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان سے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک میں دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔

نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پارلیمانی وفد کے دورہ سعودی عرب سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سعودی سفیر نے پاکستان میں سماجی شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی تارکین وطن سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔