لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے ورلڈکپ جیتنے کے لیے اہم مشورے دیے۔
تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد نے قومی انڈر19 ٹیم سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ملاقات کی، انڈر 19 ورلڈکپ 2020 میں شرکت کے حوالے سے ٹیم کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
سابق کپتان نے کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران دباؤ میں پرسکون رہنے کے مشورہ دیے۔ نوجوان کھلاڑی چیمپئن کپتان سے ملاقات کرکے بے حد خوش دکھائی دیے، قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔
The winning captain of the ICC U19 Cricket World Cup 2006 @SarfarazA_54 met the Pakistan U19 World Cup bound players at the NCA, Lahore. Sarfaraz had some great memories to share with the teenagers, he has high hopes from #PakistanFutureStarshttps://t.co/2pfn3rg8MS pic.twitter.com/EZCKMo8mf0
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 6, 2020
واضح رہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جو 9فروری تک جاری رہے گا، 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔رواں سال 17 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ9 فروری کو ہوگا، ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 19جنوری کواسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلاجائے گا، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22 جنوری کو زمباوے کے خلاف بلوم فاؤنٹین میں کھیلے گی۔
گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلادیش کے خلاف ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 24 جنوری کو جے پی مارک اوول میں مد مقابل آئیں گی۔ ہر گروپ سے 2 بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔