گورنر سندھ کی یقین دہانی، طارق روڈ کے تاجروں کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی یقین دہانی کے بعد طارق روڈ کے تاجروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے طارق روڈ کے تاجروں نے ملاقات کی، عمران اسماعیل نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد تاجروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 22 جنوری کو کسٹم اسٹینڈنگ کمیٹی میں تاجروں کا وفد شریک ہوگا، مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین ایف بی آر سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کسٹمز حکام کے چھاپے کے بعد کراچی کے علاقے طارق روڈ پر دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کردی تھی۔

کسٹمز حکام نے گزشتہ رات شاپنگ مال میں اسمگل شدہ کپڑے کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا تھا، کسٹم چھاپے کے بعد دکانداروں نے احتجاج کیا اور طارق روڈ کو احتجاجاً بند کردیا تھا۔

کسٹمز حکام کا کہنا تھا کہ شاپنگ مال میں غیرقانونی اسمگل شدہ کپڑے کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ کپڑا برآمد ہوا۔

دوسری جانب کراچی تاجر اتحاد کے صدر کا کہنا تھا کہ کسٹمز حکام رات 3 بجے چھاپہ مار کر 6 کنٹینرز لے گئے، تالے توڑ کر مال لے جانا صحیح عمل نہیں ہے۔