خوف کی علامت سمجھے جانے والے 10 افراد کی فہرست تیار

لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے 10 افراد کی فہرست تیار کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ٹاپ 10 افراد کی نئی فہرست تیار کر لی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو تقریباً 30 افراد کو ترجیحی طور پر گرفتار کرنے کا ٹارگٹ ملا ہے۔

پولیس ذرایع کے مطابق 30 افراد کی گرفتاری کا ٹاسک ایک اہم اجلاس میں دیا گیا ہے، اس فہرست میں شامل درجنوں افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس کو ٹاسک ملنے کے بعد خوف کی علامت سمجھے جانے والے مجرموں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے شروع کر دیے گئے ہیں۔

ذرایع نے بتایا کہ جن گروہوں میں پرانی دشمنیاں چل رہی ہیں، ان کی گرفتاری بھی ہوگی، فہرست میں شامل بد معاش، قبضہ گروپ، بھتہ خور بھی اب نہیں بچیں گے۔

وزیراعظم کے بھانجے کے گھر ڈکیتی کرنے والے 3 ڈاکو گرفتار

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے ڈکیتی اور قتل سمیت دو اہم وارداتوں میں ملوث 6 ڈاکو گرفتار کر کے ان سے مال برآمد کر لیا تھا، سی سی پی او لاہور ذو الفقار حمید کا کہنا تھا کہ ملزمان وزیر اعظم کے بھانجے کے گھر میں ڈکیتی کی واردات اور ملٹی نیشنل کمپنی کے دفتر میں دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ کو قتل کرنے میں ملوث ہیں۔ یہ کارنامہ انجام دینے پر پولیس ٹیموں کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا گیا۔