سان فرانسسکو: مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے گمراہ کن معلومات پھیلانے پر پابندی عائد کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی ایپ ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے گمراہ کن معلومات کے خلاف بڑی پابندی عائد کردی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز جس سے عوام کو نقصان پہنچ سکتا ہے وہ ٹک ٹاک سے ہٹا دی جائیں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر غلط معلومات پھیلانے والی ویڈیوز کو ہٹا دیا جائے گا، ایسی ویڈیوز بھی ہٹائی جائیں گی جس سے کسی فرد کی صحت یا وسیع تر عوامی مفاد کو نقصان پہنچتا ہوں۔
ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم نامعلوم معلومات کے ذریعے پھیلائے جانے والے مواد کو بھی ہٹا دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو شیئرنگ کی مقبول ترین اپ ہے جس میں لوگ ویڈیوز بنا کر شیئر کرتے ہیں اور ویڈیوز کے منفی پہلو بھی سامنے آئے تھے جس پر انتظامیہ نے ایکشن لیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت کا بڑا اعلان، ٹک ٹاک پر پابندی عائد
یاد رہے کہ یکم جنوری کو امریکی حکام نے سائبر خطرات سے بچنے کے لیے سرکاری موبائل فونز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی لگادی تھی۔
امریکی فوج کی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ فوج نے اپنے عہدیداروں کو دسمبر کے وسط میں ہدایت کی تھی کہ سرکاری موبائل میں ٹک ٹاک کا استعمال روک دیں اور اسی طرح امریکی نیوی نے بھی ایسے ہی اقدامات اٹھائے ہیں۔
دنیا بھر میں لاکھوں صارفین کے زیر استعمال ٹک ٹاک ایپ پر اس سے قبل بھی امریکا اور دیگر ممالک میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے باعث اس کی جانچ بھی کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک اپنے صارفین کو 15 سیکنڈز کے ویڈیو کی سہولت فراہم کرتی ہے، گانوں اور دیگر ویڈیوز کو دلچسپ بھی بنایا جاتا ہے جبکہ صارفین اس کو محدود بھی کرسکتے ہیں۔