کراچی: کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعے کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی رہی، 100 انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز زبردست تیزی دیکھی گئی، دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 638 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
638 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا اور انڈیکس 43 ہزار 161 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے بدھ کے روز جب ایران نے امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے تھے تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں بدترین مندی دیکھی گئی تھی۔
اس روز 100 انڈیکس میں 618 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 41 ہزار 357 پوائنٹس پر بند ہوا۔
تاہم اگلے روز امریکی صدر ٹرمپ کے فوجی طاقت استعمال نہ کرنے کے بیان پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ سمیت ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ایک بار پھر تیزی کا رحجان دیکھا جانے لگا۔
جمعرات کے روز 100 انڈیکس میں 838 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 42 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کچھ ہفتوں سے زبرست تیزی دیکھی جارہی تھی۔ چند ہفتے قبل 100 انڈیکس میں 184 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 916 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اس کے بعد 16 سے 20 دسمبر 2019 کے دوران 100 انڈیکس نومبر 2018 کے بعد سے اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ ہفتے کے پہلے روز انڈیکس میں 740 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 41 ہزار 657 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔
23 سے 27 دسمبر 2019 کے دوران 100 انڈیکس میں صرف 16 پوائنٹس اضافہ ہوا تھا جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 848 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اس کے بعد 30 دسمبر 2019 سے 3 جنوری 2020 کے دوران 100 انڈیکس میں 14 سو 74 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد 100 انڈیکس 42 ہزار 323 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔